• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مبینہ بیٹی چھپانے پر نااہلی کیس: عمران خان کے وکیل کو مہلت مل گئی

اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو مبینہ بیٹی ٹیریان جیڈ وائٹ کو کاغذاتِ نامزدگی میں چھپانے پر نااہل قرار دینے کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ان کے وکیل کی ابتدائی بیان جمع کرانے کے لیے مہلت دینے کی استدعا منظور کر لی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست پر سماعت کی جو شہری ساجد محمود کی طرف سے دائر کی گئی تھی۔

درخواست گزار کی جانب سے سینئر وکیل سلمان اسلم بٹ نے عدالت میں وکالت نامہ جمع کرا دیا۔

عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ عدالت میں پیش ہوئے جنہوں نے عدالت کو بتایا کہ آفس نے اعتراض کیا ہے کہ بائیو میٹرک کے لیے عمران خان کو خود آنا پڑے گا۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے انہیں ہدایت کی کہ اب تو بائیو میٹرک کی تصدیق کے لیے مختلف آؤٹ لیٹس موجود ہیں، آپ بائیو میٹرک کرا کے رسید ساتھ لگا دیں۔

عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان نے استعفیٰ دے دیا ہے اور اب وہ رکنِ قومی اسمبلی نہیں رہے۔

عدالت نے عمران خان کے وکیل کو ابتدائی بیان جمع کرانے کے لیے مہلت دینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے جواب کی پیشگی کاپی پٹیشنر کے وکیل کو فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کیس کی مزید سماعت 27 جنوری تک ملتوی کر دی۔

قومی خبریں سے مزید