کراچی کے ساحلی مقام ہاکس بے پر چینی شہری کا سامان لے کر فرار ہونے والے کار ڈرائیور کو پولیس نے گرفتار کرکے 8 لاکھ روپے، لیپ ٹاپ اور دیگر سامان برآمد کر لیا۔
ڈی آئی جی ساؤتھ زون عرفان بلوچ کے احکامات پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈسٹرکٹ کیماڑی شمائل ریاض ملک کی سربراہی میں تشکیل کردہ تفتیشی ٹیم نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے چوری کی گئی رقم، لیپ ٹاپ، موبائل فون اور دیگر کاغذات ملزم کی نشاندہی پر برآمد کرکے چینی شہری کے حوالے کر دیے۔
سپرنٹنڈنٹ پولیس انویسٹی گیشن ویسٹ کراچی شمائل ریاض ملک کے مطابق چینی شہری (Gaoxiongiie) نے 11 جنوری کو کراچی کے علاقے سی ویو سے ایک سفید کار بطور ٹیکسی بک کی تھی۔
چینی شہری مذکورہ کار میں تھانہ ماڑی پور کے علاقے ہاکس بے کے ساحل پر پہنچا اور سیر و تفریح کیلئے ساحل پر چلا گیا جبکہ ٹیکسی میں اپنا بیگ چھوڑ گیا۔
بیگ میں ایک لاکھ روپے نقد، ایک لیپ ٹاپ، موبائل فون، پاسپورٹ، ویزا کریڈٹ کارڈ اور شناختی کارڈ موجود تھا، جو نامعلوم ڈرائیور لے کر فرار ہوگیا تھا۔ بعد اذاں ملزم نے چینی شہری کا کریڈٹ کارڈ استعمال کرکے 7 لاکھ روپے نکال لیے تھے۔
واردات کا مقدمہ الزام نمبر 07/2023 بجرم دفعہ 379 ت پ نامعلوم ملزم کے خلاف تھانہ ماڑی پور میں درج کیا گیا۔
تفتیشی ٹیم نے تکنیکی ذرائع کی مدد سے واردات میں ملوث ملزم قادر بخش ولد باسط کو گرفتار کیا۔
ملزم کو چینی شہری نے عدالت میں شناخت پریڈ کے دوران شناخت کرلیا۔
چینی شہری نے چوری کیا گیا تمام سامان اور نقد رقم کی برآمدگی اور حوالگی پر سندھ پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پولیس کی پیشہ ورانہ مہارت اور بھرپور تعاون کو سراہا۔