وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات سے اقتصادی اور تجارتی روابط مزید مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔
ایک خلیجی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اماراتی تاجروں کے لیے پاکستان میں بے پناہ مواقع ہیں۔ پاکستان 220 ملین افراد کی وسیع کنزیومر منڈی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ توانائی، انفرااسٹرکچر، ای کامرس، زراعت اور آئی ٹی میں سرمایہ کاری کے مواقع ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال یو اے ای سے دو طرفہ تجارت میں 25.40 فیصد اضافہ ہوا۔ دو طرفہ تجارت کے اس اضافے کا حجم 10.60 ارب ڈالر بنتا ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ دورہ یو اے ای میں وزیر اعظم شہباز شریف نے تین مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے تھے۔ ان میں انسانی اسمگلنگ روکنے، معلومات کے تبادلے اور سفارتی تعاون کی مفاہمتی یادداشتیں شامل ہیں۔