• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر: اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے پر اظہار تشویش

سکھر(بیورو رپورٹ)جمعیت علماء اسلام کا اجلاس مفتی سعود افضل ہالیجوی کی زیر صدارت منعقد ہوا، اجلاس میں رمضان المبارک کے دوران اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے، ذخیرہ اندوزی، گرانفروشی کے باعث عوام کو درپیش مشکلا ت اور پرائز کنٹرول کمیٹی کے مکمل غیر فعال ہونے ، ضلعی انتظامیہ کے نوٹس نہ لئے جانے پرسخت تشویش کا اظہار کیا ۔اجلاس میں مولانا محمد صالح انڈھڑ، مولانا عبدالکریم عباسی ، مفتی شفیع محمد سندھی، حافظ عبدالحمیدمہر، مولانا علی اکبر عباسی ودیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ رمضان المبارک میں ضلع سکھر میں انتظامیہ نام کی کوئی چیز نظر نہیں آرہی ہے ، رمضان المبارک آرڈیننس پر عملدرآمد کے بجائے آرڈیننس کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں ، کھانے پینے کے اسٹال اور ہوٹل کھلے ہوئے ہیں لیکن انتظامیہ ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کررہی ، سکھر انتظامیہ کی جانب سے عوام کو ریلیف تو نہیں دیا گیا لیکن گرانفروشی کے ذریعے غریب عوام کا خون نچوڑنے کے لئے کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے۔ انتظامیہ اور پولیس کی ذمہ داری ہے کہ وہ رمضان آرڈیننس پر مکمل عملدرآمد کرائے اور کھلے ہوئے ہوٹلوں کو بند کرے، جبکہ انتظامیہ گرانفروشوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرے تاکہ لوگوں کو ریلیف مل سکے۔ رمضان المبارک کے مہینے میں بھی ان کی کارکردگی جوں کی توں رہتی ہے، انہیں عوام کا کوئی احساس نہیں ہے، اشیا ء خورد ونوش کی قیمتوں پر کوئی کنٹرول نہیں کیا جارہا،  قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔ افطاری ، نماز اور تراویح میں بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری ہے، رمضان المبارک میں روزے داروں کو ریلیف دینے والے حکومتی دعوے جھوٹے ثابت ہوئے اگر رمضان المبارک آرڈیننس پر عملدرآمد نہیں کیا گیا تو جمعیت علماء اسلام کی جانب سے رمضان المبارک میں احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔
تازہ ترین