گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کراچی میں پاک چائنا فرینڈ شپ پارک کا افتتاح کر دیا۔
اس حوالے سے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ آج پاک چائنا فرینڈ شپ پارک کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس پارک کو بنانے کا مقصد پاک چین دوستی کو مزید مستحکم کرنا ہے، مافیاز کراچی سے اپنا بستر گول کر دیں۔
کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ کراچی کو گرین اینڈ کلین بنانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، اس شہر کے لوگ تفریح سے محروم ہو چکے تھے۔
انہوں نے کہا کہ جہاں زمینوں پر قبضے تھے سب ختم کیے جا رہے ہیں، الہٰ دین پارک پر تجاوزات تھیں، جسے واگزار کرا لیا گیا ہے۔
گورنر سندھ کا مزید کہنا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں ٹرن آؤٹ انتہائی کم رہا، جس طرح شہریوں کو پولنگ کے لیے نکلنا تھا وہ نہیں نکلے۔
کامران ٹیسوری نے یہ بھی کہا کہ بطور گورنر میرا سیاست میں کام نہیں ہے، یہ نہیں کہا جا سکتا کہ بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے۔