• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بس صرف ایک بار

وطنِ عزیز کو ہم سب نے مل کر جس مقام پر پہنچا دیا ہے وہاں سے صحیح سلامت نکالنے کے لئے بس صرف ایک بار ایک متحد قوم بن کر ہر پاکستانی کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ اپنے پائوںپر کھڑے ہوکر اپنے پائوں پر کلہاڑا مارنے کی بجائے درپیش مسائل پر ایسا کاری وار کریں کہ روٹھی بہار لوٹ آئے، سیاست کو ذاتی دشمنی سے نکال کر اجتماعی فلاح کے راستے پر ڈالنے کے سوا کوئی اور راستہ نہیں، ابھی تو ہمارے پائوں تلے سے زمین نہیں نکلی مگر راستہ ضرور نکل گیا ہے، ہمیں ٹھیک ہونے میں وقت لگےگا، کیا قومی میڈیا ایک ہو کر بکھرے ہوئے گھر کو ایک کرنے پر یک زبان نہیں ہوسکتا؟ وقت کا تقاضا یہ ہے کہ اختلافات مٹا دیئے جائیں، کثرت کو وحدت کی طرف مائل کرنا ہوگا، ہمیں ہماری زبانوں اور بیانوں نے زوال کی طرف دھکیل دیا ہے، میٹھے بول میں جادو ہے۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ ؎

بدزبانی زباں نہ ہو جائے

رازِ الفت نہاں نہ ہو جائے

وقت کے پہاڑ کواگر جلد بازی میں نہ بگاڑا ہوتا، اسمبلیوں کو چلنے دیا ہوتا تو جمہوری ثمرات سے آج جھولی خالی نہ ہوتی، بہرحال اب بھی مملکتِ خدا داد کو اللہ کے احکامات کے مطابق چلا کر ہولناک بحران سے نکلنے کا سامان کیا جاسکتاہے بشرطیکہ سیاسی نیزہ بازی بند کرکے ایک ہی نیک مقصد کی بازی جیتنے کی کوشش کی جائے۔ ضد اور اَنا پرستی کے بت کو پاش پاش کر دیا جائے کہ کشت ویراں کی مٹی بہت زرخیز ہے ساقی!

٭٭٭٭

سیز فائر کی ضرورت ہے

سونامی کیا آیا کہ یکدم گولہ باری شروع کردی گئی، کندہ ناتراش نے مجسمۂ امن و آشتی کو اس طرح سے یکبارگی توڑ دیا کہ آج جینے کے لالے پڑ گئے۔ کچھ سوچ سمجھ کر باہمی مشاورت پر توجہ دی جاتی تو یہ حالت نہ ہوتی کہ آگے آگے آٹا پیچھے پیچھے غریب عوام، آخر نوبت یہاں تک پہنچی کیسے؟ شوق اقتدار نے کیا کیا دن دکھائے کہ جان جائے امن نہ آئے، فصیلِ وطن پر اندر ہی سے اتنی توپیں چلیں کہ بیرونی دشمنوں کو قرار آگیا کہ ہم خود ہی اپنی تباہی کو کافی ہیں، یہ کیسی واہی تباہی کہ گناہ بالجبر پر اترآئے، اگر اب بھی عقل لوٹ آئے تو سیز فائر ہو سکتا ہے، اتنی تباہی تو سیلاب نہیں لایا جتنی ہٹ دھرمی لے آئی، حیرانی ہے کہ تباہی کے اس ظالمانہ کھیل کو جہاد کا نام دیا گیا۔کیا خانہ جنگی کو جہاد کہتے ہیں؟ملک کو کھنڈر بنانے کا یہ تباہ کن کھیل بند نہ ہوا تو زندگی کا کھیل ہار جائیں گے، آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر بروقت الیکشن کی تیاری کی جائے، سرِدست جو حکومت چل رہی ہے اسے چلنے دیا جائے، وقت سے پہلے کچا پھل توڑنے کی کوشش نہ کی جائے، یہ تو محض پروپیگنڈا ہے کہ فوری الیکشن کرائو ورنہ مزید نقصان ہوگا، موجودہ حکومت کو اپنا وقت پورا کرنے دیا جائے کہ یہ اس کا آئینی حق ہے، پنڈال درہم برہم کرنے سے پنڈال نہیں سجے گا، ظاہری مقبولیت، اضافی حقیقت ہے، اس کی تقلید سے کچھ اچھا نہ ہوگا، صبر، شکر اور انتظار اختیار کریں سب ٹھیک ہو جائے گا۔

٭٭٭٭

ٹیکس لگانے میں امیر و غریب کا فرق روا رکھا جائے

بلاشبہ حکومت ٹیکس ہی سے چلتی ہے مگر اس میں بھی شک نہیں کہ ٹیکس سفید پوش دیتے ہیں، زرپوش نہیں دیتے، ایک خبر ہے کہ بینک سے رقم نکلوانے پر بھی ٹیکس لگایا جائے گا، ایک بہت بڑا طبقہ سفید پوش ملازمت پیشہ لوگوں کا بینک سے رقم نکلوا کر گزارہ کرتا ہے اور ایک طبقہ جو بینکوں میں اربوں، کھربوں، کروڑوں رکھتا ہے، اس کے لئے ٹیکس دینا کوئی مشکل نہیں مگر جو 50ہزار سے ایک لاکھ روپے تک کی رقم نکلواتا ہے اس پر ٹیکس زیادتی، جب وہ اپنی تنخواہ پر ٹیکس دیتا ہے تو پھر یہ ٹیکس پر ٹیکس کا ٹیکہ کیوں؟ ان کو ٹیکس کے دائرے میں لائیں جن سے ٹیکس وصول کرنے کی کوئی جرأت ہی نہیں کرتا، برق کیوں گرتی ہے نامرادوں پر، غریب عوام سے پیسہ بچائو کاتقاضا مگر اشرافیہ جو پیسہ ضائع کرتی ہے اس کے کارخانے کا تو ڈر سے کوئی میٹر چیک نہیں کرسکتا، ٹیکس جو رائج ہیں وہ ضرور دیے جائیں مگر مزید ٹیکس ایجاد کرکے ان کی وصولی تو نادر شاہی ہے، یہ جو مہنگائی کے سیلاب کی زد میں ہیں ان کو تو یہ کہنے کا حق دیں کہ پپو یار اب اور تنگ نہ کر۔

٭٭٭٭

آج آنگن میں چاند اترے گا

...oاحسن اقبال:نہ پاکستان ڈیفالٹ کرے گا نہ کرنے دیں گے۔ کچھ ریمارکس دوسرے کے ساتھ اپنا گھر برباد کرنے کے مترادف ہوتے ہیں، اس لئے احسن اقبال کی جرأت رندانہ میں ان کا ساتھ دیں۔

...oنیا چاند آج زمین کے انتہائی قریب آئیگا۔

یہ کوئی نیا چاند نہیں ہوگا بلکہ ہم نے 75 برسوں میں جتنے چاند چڑھائے یہ بھی انہی چاندوں میں سے ایک ہوگا، بہرحال چاند کی قربت کے لئے شام کا انتظام کریں گے، چاند ایک شاعرانہ استعارہ ہے، مدت سے آرزو تھی کہ کوئی چاند آنگن میں اترے۔

...oسعد رفیق:الیکشن جب بھی ہوئے اتفاق رائے کے بغیر سب گھاٹے میں رہیں گے۔

موصوف کو الیکشن سے اتنی ناامیدی کیوں، اتفاق رائے کے بغیر چلتے 75 سال بیت گئے، ہم آگے بڑھے نہ پیچھے۔

٭٭٭٭

تازہ ترین