• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک بھارت جنگ، سفارت خانہ پاکستان کی سہولتوں کی فراہمی پر فرانسیسی میڈیا کا اظہارِ تشکر

سفیرِ پاکستان ممتاز زہرہ بلوچ—فائل فوٹو
سفیرِ پاکستان ممتاز زہرہ بلوچ—فائل فوٹو

فرانسیسی میڈیا نے پاکستان اور بھارت دونوں کو سیز فائر کے لیے کامن سینس استعمال کرنے پر مبارک پیش کی ہے۔

فرینچ میڈیا نے جنگ کے دوران پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے خبروں تک رسائی دینے پر سفیرِ پاکستان ممتاز زہرہ بلوچ اور دیگر افسران کی جانب سے صحافیوں کو سہولتیں فراہم کرنے پر ان سے اظہارِ تشکر کیا ہے۔

دریں اثناء فرانسیسی اخبار لی موند نے اتوار کے روز اپنی اشاعت میں لکھا ہے کہ بھارت کا دعویٰ ہے کہ پاکستان نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی حالانکہ اس نے جوابی کارروائی کی ہے۔

دریں اثناء پاکستان نے کہا ہے کہ وہ جنگ بندی کے لیے پُرعزم ہے اور یہ کہ اس کی افواج بھارت کی خلاف ورزیوں کو ذمے داری اور تحمل سے نمٹ رہی ہیں۔

اس سے قبل ہفتے کے روز دونوں جوہری طاقتوں نے مہلک جیٹ فائٹر، میزائل، ڈرون اور توپ خانے سے کئی دنوں تک جاری رہنے والی جنگ کے بعد مکمل اور فوری جنگ بندی پر اتفاق کیا۔

اسلام آباد اور نئی دہلی کے عہدیداروں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سوشل میڈیا نیٹ ورک پر سیز فائر معاہدے کے اعلان کے فوری بعد تصدیق کی۔

بھارتی سیکریٹری خارجہ وکرم مسری نے کہا ہے کہ دونوں فریق شام 5 بجے سے زمینی، فضائی اور سمندر پر ہر طرح کی فوجی کارروائی بند کر دیں گے۔

سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر ایک بیان میں پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ان کا ملک امریکا کی جانب سے جنگ بندی کے لیے کیے گئے اقدام کو سراہتا ہے۔

انہوں نے لکھا ہے کہ پاکستان کا خیال ہے کہ یہ مسائل کے حل میں ایک نئی شروعات ہے، کشیدگی نے خطے کو امن، خوش حالی اور استحکام کی طرف اس کے سفر کو روک کر رکھا ہے۔

چند گھنٹوں بعد بھارتی حکومتی ذریعے نے کہا کہ پاکستان نے معاہدہ توڑ دیا ہے جبکہ مقبوضہ کشمیر میں سری نگر میں ایجنسی فرانس پریس نے زور دار دھماکوں کی آوازیں سننے کی اطلاع دی۔

اس کے علاوہ جموں و کشمیر کے وزیرِ اعلیٰ عمر عبداللّٰہ نے بھی سوشل میڈیا پر اسی قسم کی بات کی۔

برطانیہ و یورپ سے مزید