• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سراج الحق کی عمران خان، شہباز شریف اور آصف زرداری پر کڑی تنقید

سراج الحق - فوٹو: فائل
سراج الحق - فوٹو: فائل

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے عمران خان، شہباز شریف اور آصف علی زرداری پر کڑی تنقید کی ہے۔

راولپنڈی میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ لنگر خانے بنانے والے کو مزید موقع دیا جاتا تو وہ پاگل خانے بھی بنا دیتا۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف، آصف زرداری اور عمران خان کی وجہ سے پاکستان کے 23 کروڑ عوام آئی ایم ایف کے مقروض ہیں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کو موقع ملا تو پیپلز پارٹی، ن لیگ اور عمران خان کی جائیدادیں بیچ کر پاکستان کا قرضہ اتاریں گے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ جب دو بار خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ رہے، تو اس وقت صوبے پر ایک روپیہ بھی قرضہ نہیں تھا، آج پی ٹی آئی کی حکومت میں صوبے پر ایک ہزار ارب روپے کا قرضہ ہے۔

سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ موجودہ سیاسی جماعتوں میں جمہوریت نہیں، باپ بیٹا سب عہدوں کی دوڑ میں بھاگ رہے ہیں جبکہ ملک بےپناہ مسائل کا گڑھ بن چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کا مسئلہ حکمرانوں کا منصف نہ ہونا اور مافیا کا حصہ ہونا ہے۔ پراپرٹی، چینی، آٹا، یوریا، سیمنٹ مافیا کے افراد جب کسی نا کسی جماعت کا حصہ ہو کر حکمران ہوں تو غریب شہریوں کا احساس کون کرے گا؟

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آمرانہ جمہوریت نے پاکستان کو معاشی اور معاشرتی تباہی سے دوچار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شیخ رشید چاہتے ہیں کہ نالہ لئی 50 سال مزید نہ بن سکے، اگر نالہ لئی بن گیا تو یہ سیاست کس پر کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ ایک نے نہیں سب نے لوٹا ہے، پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی نے مل کر نیب کو ختم کیا تاکہ احتساب نہ ہو۔

سراج الحق نے کہا کہ انہوں نے غریب عوام کے لیے ترقی کے دروازے بند کر رکھے ہیں، ملک کے ذہین لوگ شناختی کارڈ ہاتھ میں لیے آٹے کے ٹرک کے پیچھے دوڑ رہے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید