پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ارکان قومی اسمبلی نے اپنے استعفے واپس لینے کا فیصلہ کر لیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پی ٹی آئی کے سنیئر رہنما اسد عمر نے استعفے واپس لینے والے ارکان کی فہرست شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ کیونکہ اسپیکر ابھی تک تمام اسمبلی ارکان کے استعفے قبول نہیں کر رہے۔
اسد عمر نے کہا کہ تمام اسمبلی ارکان کے استعفے قبول نہ کرنے کی وجہ سے پارٹی چیئرمین کی ہدایات کے مطابق 44 ارکان اسمبلی نے اپنے استعفے واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کو ای میل کر دی ہے، اگلا قدم اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی ہو گی۔
واضح رہے کہ 20 جنوری کواسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مزید 35 ارکان کے استعفے منظور کیے تھے۔
یاد رہے کہ17 جنوری کو بھی اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے 34 اراکین قومی اسمبلی اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے استعفے منظور کیے تھے۔
اس کے علاوہ اسپیکر قومی اسمبلی نے جولائی 2022ء میں بھی پی ٹی آئی کے 11 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کیے تھے، اب تک مجموعی طور پر پاکستان تحریک انصاف کے 79 اور شیخ رشید کا ایک استعفیٰ ملا کر 80 اراکین کے استعفے منظور ہو چکے ہیں۔