سندھ کے ضلع گھوٹکی میں کچے کے علاقے میں اغواء برائے تاوان میں ملوث ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کے دوران پولیس نے 16 ڈاکوؤں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) اختر فاروق کا کہنا ہے کہ گھوٹکی کے کچے میں کارروائی کے دوران 16 مغویوں کو بازیاب بھی کرایا گیا ہے۔
ڈی پی او اختر فاروق نے بتایا کہ سندھ پنجاب چیک پوسٹ پر 66 افراد کو اغواء ہونے سے بچا لیا گیا ہے۔
گھوٹکی میں ڈاکوؤں کے چنگل سے بازیاب ہونے والے ایک شخص نے جیو نیوز کو اپنے اغواء اور رہائی کی داستان سنائی تھی۔
متاثرہ شخص نے بتایا تھا کہ ڈاکوؤں نے اسے 4 دن تک دریائی کچے میں رکھا اور پھر 17 دن تک ادھر ادھر منتقل کرتے رہے۔
مذکورہ مغوی نے یہ بھی بتایا کہ ڈاکوؤں نے رہائی کے لیے پہلے ایک کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا، تاہم بہت مشکل کے بعد 40 لاکھ روپے میں رہائی کے لیے آمادہ ہوئے۔
واضح رہے کہ گھوٹکی کے کچے کے علاقے میں کئی روز سے مغویوں کی بازیابی کے لیے ڈاکوؤں کے خلاف پولیس کا آپریشن جاری ہے۔