وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے قطر میں اپنے ہم منصب علی بن احمد الکواری سے ملاقات کی ہے جس میں مختلف امور پر تبادلۂ خیال اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
اس ملاقات میں وزیرِ اعظم شہباز شریف کے معاونِ خصوصی محمد جہانزیب خان اور قطر میں پاکستان کے سفیر بھی شریک تھے۔
دونوں ملکوں کے وزرائے خزانہ کی ملاقات میں تجارت، ٹیکنالوجی، زراعت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور مضبوط تعلقات ہیں۔
وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے علی بن احمد الکواری کو دورۂ پاکستان کی بھی دعوت دی۔
انہوں نے فیفا ورلڈ کپ کے کامیاب انعقاد پر قطری وزیرِ خزانہ کو مبارک باد بھی دی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر خزانہ اسحاق ڈار 2 روزہ دورے پر قطر پہنچے تھے۔