• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر خطے کے امن کو ہمیشہ خطرہ لاحق رہے گا، صدر آزاد کشمیر

صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ کشمیر جنوبی ایشیا کا نامکمل ایجنڈا ہے۔ اس کے بغیر خطے کے امن کو ہمیشہ خطرہ لاحق رہے گا۔

وہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے جاری اپنے موجودہ دورے کے دوران برسلز میں ایک عشائیے سے خطاب کر رہے تھے۔

صدر آزاد کشمیر کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کشمیر پیس فورم کے ڈائریکٹرز چوہدری نصیر اور پرویز ملک کی جانب سے کیا گیا تھا۔

عشائیے میں ممبران یورپین پارلیمنٹ، برسلز کے پارلیمنٹ، بیلجیئن سینیٹ کے اراکین کے علاوہ بڑی تعداد میں بین الاقوامی صحافیوں نے شرکت کی۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے پر بھارت اور پاکستان کے درمیان اس وقت تک 3 جنگیں ہو چکی تھیں جب یہ دونوں ممالک جوہری طاقتیں نہیں بنی تھیں۔ لیکن اب یہ ممالک جوہری طاقت بھی ہیں۔ اس لیے خدا نخواستہ اگر اب اس مسئلے پر جنگ ہوئی تو اس کے اثرات صرف ان دو ممالک تک ہی محدود نہیں رہیں گے بلکہ دنیا بھی اس کے نتائج بھگتے گی۔ اس لیے ضروری ہے کہ یورپ سمیت پوری دنیا دونوں ممالک کو تنہا نہ چھوڑے۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت اب ایک سیکولر اسٹیٹ نہیں رہا۔ اس کے ساتھ ہی اس کے اقدامات اس دعوے کی بھی نفی کر رہے ہیں کہ وہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہے۔ اس کے اقدامات سے اس کے اپنے ملک کی اقلیتیں تنگ ہیں۔ اسی طرح اس نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی  جس کے بعد اب وہ وہاں آبادی کی ڈیمو گرافی بھی تبدیل کر رہا ہے۔

انہوں نے یورپین پارلیمنٹ کے ممبران کو متوجہ کیا کہ پارلیمنٹ میں فرینڈز آف کشمیر گروپ کی ضرورت ہے۔ تاکہ موجودہ پارلیمنٹ میں اس حوالے سے خطے میں قیام امن کی بنیاد پر گفتگو ہوتی رہے اور لوگ ایک غیر جانبدار پلیٹ فارم پر مکالمہ کر سکیں۔

قبل ازیں عشائیے میں شریک ممبران یورپین پارلیمنٹ مائیکل گاہلر ایم ای پی، مادام جورون ورجینی ایم ای پی اور ہاروے جوین ایم ای پی نے بھی خطاب کیا۔

انہوں نے صدر آزاد کشمیر کو ان کے دورہ برسلز پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے کا ایسا حل ہونا چاہیے جو اس سرزمین پر موجود عوام کے حق میں ہو۔

انہوں نے اپنی گفتگو میں دونوں ممالک کو امن کی ضرورت کا احساس دلاتے ہوئے تجویز کیا کہ وہ آپس کے تعلقات کو بحال کریں تاکہ دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے سے مل سکیں۔

اس موقع پر ممبران پارلیمنٹ نے یورپ کیلئے پاکستان کی اہمیت بھی بیان کی اور زور دیا کہ آبادی کے لحاظ سے دنیا کے 5 ویں بڑے ملک پاکستان کے ساتھ یورپ کو اپنے تعلقات کو مزید گہرا کرنا چاہیے۔

عشائیے میں سفارت خانہ پاکستان کی نمائندگی ڈپٹی ہیڈ آف مشن فراز زیدی اور عمر حمید نے کی۔ جبکہ عشائیے میں برسلز پارلیمنٹ کے سابق رکن ڈاکٹر منظور ظہور اور سردار محمود سمیت کشمیری رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔

قومی خبریں سے مزید