سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ کوئی ابہام نہیں ملک بنانا ری پبلک بن چکا ہے۔
فواد چوہدری کی عدالت میں پیشی پر ردعمل دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما کو ہتھکڑیوں میں جکڑ کر اور سر چہرہ ڈھانپ کر پیش کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری کو ایک دہشت گرد کی طرح عدالت میں پیش کیا جارہا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے امپورٹڈ حکومت اور ریاست گراوٹ کی کن گہرائیوں میں اتر چکی ہیں۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ فواد چوہدری، اعظم سواتی اور اس سے قبل شہباز گِل سے یہی سلوک روا رکھا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کے ذہنوں میں کوئی ابہام باقی نہیں کہ ہم ایک بنانا ری پبلک بن چکے ہیں۔
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ اب تو جنگل کا قانون رائج ہے، جہاں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا اصول کارفرما ہے، دستور و قانون پوری طرح آج کے فرعونوں کے محکوم ہیں۔