• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اٹلی اور لیبیا میں 8 ارب ڈالر کے گیس معاہدے پر دستخط

طرابلس (اے ایف پی) اٹلی میں توانائی کی بڑی کمپنی ’’اینی‘‘ نے لیبیا کی سرکاری تیل کمپنی نیشنل آئل کارپوریشن کیساتھ گیس کی خریداری کا 8 ارب ڈالر کا معاہدہ کرلیا ہے، یہ معاہدہ اطالوی وزیراعظم جیورجیا میلونی کے دورہ طرابلس کے موقع پر ہوا ہے ۔ اطالوی وزیراعظم اور ان کے میزبان عبدالحامد دبیبہ کی موجودگی پر معاہدے پر دستخط ہوئے، دبیبہ طرابلس میں اقوام متحدہ کی ثالثی میں تشکیل پانے والی متحدہ حکومت کی سربراہی کررہے ہیں۔ گزشتہ برس یوکرین پر روسی حملے کے بعد سے یورپی حکومتیں روسی گیس کے متبادل کی تلاش میں دیگر ممالک کا رخ کررہی ہیں۔ یوکرین جنگ کے بعد سے یورپ کو روسی گیس کی فراہمی میں نصف تک کمی ہوئی ہے جس کے باعث اس کی قیمتوں میں تاریخی اضافہ ہوا ہے جبکہ یورپی ممالک صارفین کیلئے سبسڈیز فراہم کررہی ہیں۔ اینی کا کہنا ہے کہ یہ سنہ 2000کے بعد سے لیبیا میں پہلا بڑا پارجیکٹ ہوگا جس میں سمندر پار دو گیس فیلڈ کی تعمیر بھی شامل ہے۔ ایک اعلامیہ میں اطالوی کمپنی نے بتایا کہ ان دونوں گیس فیلڈ سے مشترکہ طور پر 2026میں گیس کی فراہمی شروع ہوجائے گی اور اس سے یومیہ 750ملین کیوبک فٹ اسٹیڈرنڈ گیس کی فراہمی ہوگی۔ معاہدے کے تحت کاربن کیپچر اینڈ اسٹوریج (سی سی ایس) کی سہولت کیلئے تنصیب میلیتاح میں بنائی جائے گی جس سے کاربن کے مجموعی اخراج کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ کمپنی کے مطابق معاہدے کے تحت سرمایہ کاری کی مجموعی رقم 8 ارب ڈالر ہوگی جس کے انڈسٹری اور اس سے منسلک سپلائی چین پر مثبت اثرات رونما ہوں گے جو لیبیا کی معیشت میں معنی خیز کردار ادا کریگا۔ اینی کے پاس لیبیا میں پیدا ہونے والی گیس کے 80فیصد شیئر موجود ہیں۔

دنیا بھر سے سے مزید