بلوچستان عوامی پارٹی کے سینیٹر دنیش کمار کا کہنا ہے کہ پیشگوئی کرتا ہوں رضا ربانی اور مشاہد سید کو ان کی پارٹیاں فارغ کر دیں گی۔
سینیٹ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر دنیش کمار نے کہا کہ مشاہد سید اور رضا ربانی نے سچائی بیان کی ہے۔
انہوں نے کہاکہ آج خوشی ہوئی کہ ہمارے لوگوں نے سچائی بیان کی۔
واضح رہے کہ سینیٹ اجلاس میں مسلم لیگ ن کے رہنما اور سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا تھا کہ 5 ارب ڈالر کا افغان جہاد لڑا گیا، آج اس کے نتائج ہمارے سامنے ہیں، لنگڑی لولی حکومت سے بہتر ہے کہ حکومت چھوڑ کر الیکشن کرایا جائے۔
مشاہد حسین سید نے کہا تھا کہ جنرل ضیاء کو گالیاں تو دی جاتی ہیں مگر ان کی پالیسیوں کو فالو کیا جاتا ہے، جنرل ضیاء نے کہا تھا الیکشن اس وقت ہوں گے جب نتائج مثبت ہوں گے، کرسی کی جنگ پاکستان کو تباہ کر دے گی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے ٹی ٹی پی سے متعلق حکومت کی پالیسی کو پشاور سانحے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ٹی ٹی پی کی پاکستان میں بحالی کے فیصلے کی تحقیقات ہونی چاہیے۔
رضا ربانی نے کہا تھا کہ ٹی ٹی پی سے جب جنگ بند ہوئی اور مذاکرات ہوئے تو پارلیمان کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔