پشاور پولیس لائنز کی مسجد میں دھماکے کا مقدمہ تھانہ محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) میں درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقدمہ ایس ایچ او شرقی کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں دہشت گردی اور قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ 30 جنوری کو پشاور پولیس لائنز کی مسجد میں خودکش دھماکا ہوا تھا جس میں 101 افراد شہید ہوئے جبکہ 49 افراد زخمی ہیں۔
لیڈی ریڈنگ اسپتال میں زیر علاج زخمیوں میں سے 7 کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔
دوسری جانب دھماکے کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) قائم کردی گئی ہے۔
خودکش حملہ آور کے اعضاء اور دھماکے کی جگہ سے ملنے والے دیگر شواہد فارنزک کے لیے پنجاب بھجوا دیے گئے ہیں۔
دھماکے کے بعد پولیس لائنز میں سیکیورٹی بڑھا دی گئی جبکہ مزید سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں۔
پولیس لائنز میں اب چیکنگ ایک کی بجائے 3 مقامات پر ہوگی۔ اسی طرح فیلڈ انٹیلی جنس یونٹ بھی قائم کردیا گیا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق مسجد کی چھت گرنے سے زیادہ شہادتیں ہوئیں۔