وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے کہا ہے کہ ہمارے اوپر یہ جنگ مسلط کی گئی ہے، بعض لوگ آسانی سے کہہ دیتے ہیں آپریشن اس مسئلے کا حل ہے۔
قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب میں مفتی عبدالشکور نے کہا کہ پوچھتا ہوں ہم کب تک اس آگ میں جلتے رہیں گے؟ میرا تعلق اس علاقے سے ہے جہاں یہ آگ جل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعض لوگ آسانی سے کہتے ہیں آپریشن اس مسئلے کا حل ہے، پرانے جیسے آپریشن مسئلے کا حل نہیں ہے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت 417 ارب روپے دیے گئے پھر بھی وہ کہتے ہیں وسائل نہیں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ لکی مروت میں پولیس والے نماز مغرب کے بعد نکل نہیں سکتے، محسود، بیٹنی، جنڈولہ، میر علی، میران شاہ کا علاقہ ابھی تک مسمار ہے۔
مفتی عبدالشکور نے مزید کہا کہ کل سو سے زائد افراد شہید ہوئے ہر گھر میں ماتم ہے، جب تک حقائق تک نہ پہنچیں گے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔