وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمٰن نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے 10 سوالوں کے جوابات مانگ لیے اور کہا کہ اب آپ یہ نہیں کہہ سکتے کہ ’میں جوابدہ نہیں‘۔
شیری رحمٰن نے اپنے سلسلہ وار ٹوئٹس میں عمران خان کی طرف سوال اٹھائے کہ عمران خان ہر بار دوسروں پر ذمہ داری ڈال کر بری الذمہ نہیں ہو سکتے، وہ عوام کو یقین دلانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ وہ دہشتگردی اور مہنگائی کے ذمے دار نہیں ہیں۔
شیری رحمٰن نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں وہ جواب دہ نہیں، ان کی حکومت سے پہلے حکمرانی کرنے والے ذمے دار ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کو قوم کے 10 سوالوں کے جوابات دینے ہوں گے۔
شیری رحمٰن نے کہا کہ اسامہ بن لادن کو شہید کس نے کہا؟، دہشتگردوں سے مذاکرات کس نے کیے؟۔
وفاقی وزیر نے سوال کیا کہ سزا یافتہ دہشتگردوں کو صدارتی معافی کس نے دلوائی؟، دہشتگردوں کو کس مقصد کے لیے صدارتی معافی اور رہائی دی گئی؟
انہوں نے سوال کیا کہ کیا سزا یافتہ دہشتگردوں کی رہائی کے حوالے سے پارلیمان کو اعتماد میں لیا گیا؟، ملک میں دہشتگردوں کے دفتر کھولنے کا خواہشمند کون تھا؟
شیری رحمٰن نے کہا کہ 30 سے 40 ہزار جنگجوؤں کی پاکستان میں آبادکاری کون کرنا چاہتا تھا؟، کیا ان جنگجوؤں کو پاکستان میں آباد کرنے کی اجازت پارلیمان سے لی گئی تھی؟۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر نہیں، تو کیا ان کو ملک میں آباد کرنے کا فیصلہ عمران خان کا ذاتی تھا؟
شیری رحمٰن نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت کی جانب سے دہشتگردوں کو رعایتیں دینے کے باوجود دہشتگردی کے واقعات میں تشویشناک اضافہ کیوں ہوا؟
انہوں نے کہا کہ ملک نے 70 ہزار سے زائد شہادتیں دی ہیں، آپ کی بدترین حکومت سے پہلے ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ ہو چکا تھا۔