پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور وفاقی وزیر شازیہ مری نے واشنگٹن ڈی سی میں ورلڈ بینک کے گلوبل ڈائریکٹر جناب مائکل رتکواسکائے سے ملاقات کی۔
ملاقات میں شازیہ مری نے ورلڈ بینک کے گلوبل ڈائریکٹر جناب مائکل رتکواسکائے کو سیلاب کے بعد پاکستانی عوام کے مسائل اور ان کے سماجی تحفظ کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
وفاقی وزیر شازیہ مری نے بتایا کہ حکومت پاکستان نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے سیلاب متاثرہ عوام میں فوری طور پر امداد تقسیم کی۔
انہوں نے گزشتہ سال آنے والے تباہ کن سیلاب کے متاثرین کے لئے ورلڈ بینک کی بروقت امداد کو سراہاتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کے لئے اس وقت جو چئلینجز ہیں ان میں سیلاب متاثرہ لوگوں کو ان کے پیروں پر کھڑا کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت پاکستان اپنے عوام کے سماجی تحفظ کے لئے قدامات کو وسیع کر رہی ہے اور تعلیم، صحت و خوراک کو اولیت دی جا رہی ہے ۔
ورلڈ بینک کے گلوبل ڈائریکٹر جناب مائکل رتکواسکائے نے سیلاب میں وسطح غربت سے نیجے زندگی گزارنے والے لوگوں کی مالی امداد کے حوالہ سے حکومت پاکستان کے کردار کو سراہا اور یقین دہانی کروائی کہ عالمی بینک پاکستانی عوام اور خاص کر سیلاب متاثرہ خاندانوں کی مدد لے لئے حکومت پاکستان کی بھرپور مدد کرے گا۔
وفاقی وزیر شازیہ مری نے عالمی بینک کے ڈائریکٹر کو بینظیر اِنکم سپورٹ پروگرام کے سارے منصوبوں پر تفصیلاً آگاہ کیا اور اک بکلیٹ بھی پیش کی۔ اس موقع پر امریکا میں پاکستان کے سفیر سردار مسعود خان بھی موجود تھے۔