پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پورا پاکستان مقبوضہ کشمیر کے باسیوں کے ساتھ ہے، عمران خان نے ہر موقع پر کشمیریوں کا مقدمہ دنیا کے سامنے رکھا۔
زمان پارک لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں فرخ حبیب نے کہا کہ ہم ہر طرح سے اپنے کشمیریوں بھائیوں کی سپورٹ کو جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری وزیر سیر و تفریح بن کر پوری دنیا کا چکر کاٹ رہا ہے، پوچھتا ہوں یہ بتائیں انہوں نے کشمیر کے مسئلے کو کتنا اُجاگر کیا؟
فرخ حبیب نے کہا کہ رجیم چینج سازش کے بعد پاکستان کے حالات کسی سے ڈھکے چھپے نہیں، پاکستان کے معاشی ڈھانچے کو تباہ و برباد کردیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ عمران خان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا جو کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، اس ظلم کے خلاف پوری قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے جیل بھرو تحریک کا اعلان کیا ہے، ہمارا کوئی رہنما جیل جانے سے نہیں ڈرتا، اگر ہمیں جیلوں میں ڈالنے سے ملک کی معیشت ٹھیک ہوتی ہے تو کر کے دکھائیں۔
فرخ حبیب نے یہ بھی کہا کہ شہباز شریف، آصف علی زرداری اور فضل الرحمان نے اپنے کرپشن کے مقدمات کو معاف کروالیا۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کہتا تھا میں اپنے کپڑے بیچوں گا، آج یہ حال ہے گندم ہی نایاب ہوگئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں انتخابات کا اعلان ہوگا تو پاکستان کی عوام ان لوگوں کو مسترد کرے گی۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ ملک کو سیاسی اور معاشی عدم استحکام سے نکالنے کا واحد راستہ انتخابات ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کے آئین کو عزت دیں اور جو آئین کہتا ہے اس کے مطابق چلیں، انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کریں۔