• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم نظریں بچھائے بیٹھے ہیں، آئیں جیل بھریں، مریم نواز

مریم نواز—فائل فوٹو
مریم نواز—فائل فوٹو

مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ ہم نظریں بچھائے بیٹھے ہیں، آئیں جیل بھریں۔

ملتان کے مقامی ہوٹل میں صحافیوں سے ملاقات اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ہم انتظار کررہے ہیں، جیل بھریں، شروعات زمان پارک سے کریں، فرنٹ لائن پر انہوں نے خواتین کو رکھا ہوا ہے، خود سامنے آئیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز کے ورکرز کنونشن میں جذبہ اور حوصلہ ملا، بےشک مہنگائی ہے لیکن کارکنوں کے حوصلے بلند ہیں، ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر کے دعوے سب کے سامنے ہیں۔

مریم نواز کا کہنا ہے کہ ضمنی ہو یا جنرل الیکشن اپنے کارکنان کو متحرک کر رہے ہیں، قانون اپنا راستہ لے گا جو جرائم کئے ان کی سزا بھگتنا پڑے گی، رانا صاحب نےجعلی مقدمہ میں چھ ماہ قید کاٹی، انہیں ابھی کسی نے انگلی نہیں لگائی، دو دو دن کی قید میں گلے لگ کر رونے لگ گئے ہیں۔

ان کا کہناہے کہ نواز شریف کو 2017 میں ایک اقامہ پر نکالا گیا، پانامہ کیس میں ہفتہ میں پانچ دن پیشی پر ہوتے تھے، ایک دن میں دو دو بار عدالت جاتے، دوسری طرف اقامہ نہیں ہیرے اور فارن فنڈنگ ہے۔

مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر نے کہا کہ ناجائز پیسے کے ثبوت بھرے پڑے ہیں، آج بدنامہ زمانہ کیس میں بھی وہ عدالت نہیں آتے، ایسی سہولت کیا نواز شریف کو تھی، کیا یہ سہولت مریم کو تھی، سب جانتے ہیں کیسز جھوٹے تھے، ہمارے ساتھ انتقام لیا گیا۔

مریم نواز کا مزید کہنا ہے کہ جو کہتے تھے جان اللّٰہ کو دینی ہے لیکن جواب بھی اللّٰہ کو دینا ہے، گھڑیاں بیچی ہیں منی لانڈرنگ کی، مسلم لیگ ن اپنے فائدہ نقصان کو جانتی ہے، جاوید ہاشمی صاحب قابل قدر اور قابل احترام ہیں، تجربہ سے فائدہ اٹھائیں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جنوبی پنجاب صوبہ محاذ ڈرامہ الیکشن دن تک تھا، وعدے کبھی وفا نہیں ہوئے، ہم جھوٹے وعدے نہیں کریں گے اور جھوٹی تسلیاں نہیں دیں گے، جو وعدے کریں گے وفا کریں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ کارکن تیاری کر لیں، سگنل دوں گا تو گرفتاریاں دیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ 75 سال کے شیخ رشید کو ہتھکڑیاں لگا کر لاک اپ میں رکھا گیا، میرے اوپر اس وقت 60 سے زائد مقدمات درج ہیں، ہمیں ڈرانے دھمکانے کا مقصد میدان سے ہٹانا ہے، تاکہ لندن سے بھاگا بھاگا ایک شخص آئے اور الیکشن جیت سکے۔

قومی خبریں سے مزید