• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سدھارتھ ملہوترا اور کیارا ایڈوانی کی شاہی شادی پر آنے والے اخراجات کتنے ہیں؟

فائل فوٹو
فائل فوٹو

آج شادی کے بندھن میں بندھنے والی بالی ووڈ کی معروف جوڑی اداکار سدھارتھ ملہوترا اور اداکارہ کیارا ایڈوانی کے استقبالیہ کا مینو سامنے آگیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سدھارتھ ملہوترا اور کیارا ایڈوانی کے استقبالیہ میں مہمانوں کی تواضع کے لئے تقریباً 100 پکوان ہوں گے۔

رپورٹس کے مطابق شادی کے استقبالیہ میں 10 مختلف ممالک سے تقریباً 100 ڈشز پیش کی جائیں گی۔

ان پکوان میں اطالوی، تھائی، میکسیکن، چینی، امریکی، کورین کے ساتھ ساتھ جنوبی ہندوستانی،  راجستھانی، پنجابی اور گجراتی کھانے بھی شامل کئے گئے ہیں جبکہ 20 مختلف اقسام کے میٹھے بھی موجود ہوں گے۔


شادی پر آنے والے اخراجات کتنے ہیں؟

بھارتی میڈیا کے مطابق پریانکا چوپڑا اور نک جونس، کترینہ کیف اور وکی کوشل کے بعد سدھارتھ ملہوترا اور کیارا ایڈوانی کی شادی شاہی انداز میں کی جا رہی ہے۔

اس شادی کے 4 روزہ تقریبات میں بالی ووڈ سے لے کر سیاست اور کاروباری ہائی پروفائل مہمان شرکت کررہے ہیں۔

ان مہمانوں کے لئے جیسلمیر کے 5 اسٹار ہوٹل سوریہ گڑھ میں تمام انتظامات کئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ سوریہ گڑھ پیلیس 84 کمروں، 92 بیڈ رومز، 2 بڑے باغات، 1 مصنوعی جھیل، 1 جم، 1 انڈور سوئمنگ پول، ولاز اور دیگر سہولیات کے ساتھ 2 بڑے ریستوران پر مشتمل ہے۔

ڈیسٹینیشن ویڈنگ کے لیے اپریل سے ستمبر کے مہینوں میں ایک دن کا خرچ تقریباً 1.20 کروڑ بھارتی روپے ہے جبکہ  اکتوبر سے مارچ تک تقریباً 2 کروڑ روپے یومیہ وصول کیے جاتے ہیں۔

چونکہ سدھارتھ ملہوترا اور کیارا ایڈوانی کی 4 روزہ شاہی شادی کی تقریبات سیاحتی سیزن کے دوران کی جا رہی ہے اس لئے توقع کی جا رہی ہے کہ تقریباً 8 کروڑ بھارتی روپے سے زائد کے اخراجات آئیں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اگر لباس، پرائیویٹ ٹریول اور دیگر انتظامات کو شامل کیا جائے تو شادی کا خرچہ اس سے زیادہ نکلے گا جس کے بعد اس شادی کا شمار  بالی ووڈ کی مہنگی ترین شادیوں میں کیا جائے گا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید