معروف گلوکار و اداکار فرحان سعید نے اپنی اہلیہ عروہ حسین کے ساتھ شادی کے 9 سال مکمل ہونے پر اپنے نئے البم ’خط‘ کے گانے ’منظر‘ کو ریلیز کیا ہے، جس میں ان کی شادی کے خوبصورت لمحات کو خصوصی ویڈیو کی صورت میں پیش کیا گیا ہے۔
’منظر‘ فرحان سعید کے البم ’خط‘ کا ایک جذباتی اور ذاتی ٹریک ہے، جو البم کے زیرِعنوان گانے ’خط‘ کی کامیابی کے بعد سامنے آیا ہے۔
اس البم کے گانے ماہانہ بنیادوں پر ریلیز کیے جا رہے ہیں، جہاں ہر گانا اپنی انفرادی پہچان کے ساتھ ایک مکمل جذباتی کہانی کا حصہ بنتا ہے۔
اس دل کو چھو لینے والے گانے میں صابری سسٹرز کی خصوصی شمولیت بھی ہے، جو اپنے مقبول او ایس ٹی میری زندگی ہے تو کے باعث خبروں میں رہ چکی ہیں۔
’منظر‘ کی موسیقی محمد حسن عباس اور قاسم داہر نے ترتیب دی ہے، جبکہ اس کی پروڈکشن عروہ حسین نے انجام دی ہے۔
فرحان سعید نے انسٹاگرام پر ایک جذباتی پیغام میں اپنی اہلیہ عروہ حسین کے نام یہ گانا منسوب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی زندگی کے سب سے خوبصورت دن کو دنیا کے ساتھ شیئر کر رہے ہیں، جس کے مرکز میں عروہ موجود ہیں۔