پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ہم جیل بھرو تحریک شروع کر چکے ہیں، کارکنان اس کے لیے رجسٹریشن کرا رہے ہیں۔
کراچی ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ پرویز مشرف کے جنازے میں شرکت کے لیے یہاں پہنچا ہوں، 99 میں نواز شریف سے پاکستان کی جان چھڑانے کے لیے اقدامات کیے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے بے شرم لوگوں کو شرم نہیں آتی، ہر دس سال بعد ان دونوں کو مسلط کیا جاتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ مجھے صبح 4 بجے اٹھایا گیا شراب کا پرچہ ڈال دیا گیا، اس وقت بے شرم لوگوں کی حکومت ہے، نواز اور زرداری کے پیسے پاکستان میں لائے جائیں۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ پاکستان میں آئین معطل ہے، ایماندار لوگ کیسز بھگت رہے ہیں اور کرپٹ لوگ حکومت میں ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما کا یہ بھی کہنا ہے کہ فوری انتخابات کا انعقاد ممکن بنایا جائے، انتخابات کو ملتوی کیا گیا تو آرٹیکل 6 لگے گا۔