امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ میری لڑائی کسی فرد سے نہیں نظام کے ساتھ ہے۔ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی اس نظام کے سہولت کار ہیں۔
گوجرانوالہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ جب تک یہ تین جماعتیں ہوں گی عوام خوشحال نہیں ہو سکتی۔ یہ صرف اپنی اولاد اور کاروبار سے محبت کرتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کو بیچا ہے، کشمیر کو بیچا ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ آئی ایم ایف کے آنے کا مقصد صرف قرضے دینا نہیں ہے۔ اگر قرضوں کی بنیاد پر کوئی ملک ترقی کرتا تو ہم چاند تو کیا مریخ پر پہنچ جاتے۔ آئی ایم ایف اور امریکا نے مل کر شام اور لبنان کو تباہ کیا۔ پاکستان میں اسلام ہے، ایٹم بم ہے، اس لئے پاکستان ان کے نشانے پر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب کہا جا رہا ہے منی بجٹ پیش کیا جائے گا اور اسمبلی سے پاس کروایا جائے گا۔ عمران خان کے بعد شہباز شریف بھی یہی کہتے ہیں کہ آپ قربانی دے دیں۔ میں حیران ہوں عوام اب کتنی قربانی دیں۔
سراج الحق نے کہا کہ بجلی کا بل دینا، علاج کروانا مشکل ہوگیا ہے۔ گاڑی تو کیا موٹرسائیکل چلانا مشکل ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا اس بار شہباز شریف کو قربانی کا بکرا بنائیں گے۔ اس بار عمران اور زرداری قربانی دیں گے۔
انہوں نے کہا ترکیہ میں زلزلہ آیا، ان کے صدر نے اپنی جائیداد بیچ کر رقم قوم کے قدموں میں رکھ دی۔ شہباز، زرداری، عمران، بلاول، مریم نواز، جہانگیر ترین، علیم خان اپنی جائیدادیں بیچ دیں تو ہمارا کوئی قرضہ نہیں رہے گا۔