پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ ضیاء محی الدین کی رحلت پر افسردہ ہوں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ضیاء محی الدین کے انتقال پر جاری تعزیتی بیان میں عمران خان نے کہا کہ میری ان سے شناسائی دہائیوں پر محیط ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضیاء محی الدین نہایت مہذب اور اردو ادب کے حوالے سے خاص طور پر ایک وسیع المطالعہ شخصیت تھے۔
عمران خان کا کہنا ہے کہ ضیاء محی الدین کو تفریح کی دنیا میں ایک ادارے کا مقام حاصل تھا، وہ ہماری یادوں کا حصہ رہیں گے۔
سابق وزیرِ اعظم نے یہ بھی کہا کہ میری دعائیں اور ہمدردیاں ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔
واضح رہے کہ عالمی شہرت یافتہ معروف ہدایت کار، صدا کار، اداکار اور میزبان ضیاء محی الدین کراچی میں91 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔
ضیاء محی الدین طبیعت کی ناسازی کے باعث کراچی کے نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھے،گزشتہ دنوں ان کو بخار اور پیٹ میں شدید تکلیف کے باعث اسپتال میں داخل کیا گیا جہاں پر الٹرا ساؤنڈ کیے جانے پر معلوم ہوا ہے کہ ان کی آنت میں خرابی پیدا ہوئی ہے جس پر ان کی آنت کا آپریشن کیا گیا۔
آپریشن کے بعد ضیاء محی الدین کو اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ دورانِ علاج انتقال کر گئے۔