پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے رہنما فیصل خان جاوید کا کہنا ہے کہ عالمی شہرت یافتہ معروف ہدایت کار، صدا کار، اداکار اور میزبان ضیاء محی الدین انتقال کر گئے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے سلسلہ وار ٹوئٹس میں فیصل خان جاوید نے کہا کہ ضیاء محی الدین کے ساتھ 2003ء میں پہلی بار کام کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ضیاء محی الدین ایک بہترین میزبان، اداکار، ہدایت کار، پروڈیوسر اور وائس اوور آرٹسٹ تھے۔
فیصل خان جاوید کا کہنا ہے کہ انہیں کئی زبانوں کے تلفظ پر گرفت حاصل تھی اور وہ پاکستان کے سب سے مہنگے وائس اوور آرٹسٹوں میں سے ایک تھے۔
پی ٹی آئی رہنما نے ان کے لیے دعا کی اور کہا کہ عذرا بھابی کو اللّٰہ صبر جمیل عطا فرمائے۔
واضح رہے کہ عالمی شہرت یافتہ معروف ہدایت کار، صدا کار، اداکار اور میزبان ضیاء محی الدین کراچی میں91 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
ضیاء محی الدین طبیعت کی ناسازی کے باعث کراچی کے نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔
گزشتہ دنوں ضیاء محی الدین کو بخار اور پیٹ میں شدید تکلیف کے باعث اسپتال داخل کیا گیا جہاں پر الٹرا ساؤنڈ کیے جانے پر معلوم ہوا ہے کہ ان کی آنت میں خرابی پیدا ہوئی ہے جس پر ان کی آنت کا آپریشن کیا گیا۔
آپریشن کے بعد ضیاء محی الدین کو اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ دورانِ علاج انتقال کر گئے۔