قومی اسمبلی کے اسپیکر راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ آئین پاکستان کو 50 سال گزر چکے، اب حقائق سامنے لانا ضروری ہے۔
ایک بیان میں راجا پرویز اشرف نے کہا کہ یہ ضروری ہوگیا ہے کہ بتایا جائے کہ جمہوریت اور آئین پاکستان کےلیے کس نے قربانیاں دیں۔
انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو نے اپنی جان بھی جمہوریت پر نچھاور کردی، شہداء جمہوریت کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ آئین کے 50 سال مکمل ہونے پر ملک بھر میں تقریبات ہوں گی، بیرونی دنیا سے بھی شرکاء ان تقریبات میں شریک ہوں گے، ان تقریبات کا نعرہ ’میرا آئین میری آزادی کا ضامن‘ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی میں بھی جامع پروگرامز ترتیب دیے ہیں، بڑے پیمانے پر تقریبات منعقد ہوں گی، جس میں اسپیکرز کو بلایا جائے گا۔
راجا پرویز اشرف نے یہ بھی کہا کہ آئین پاکستان کا حلیہ بگڑ چکا تھا، ایک جنرل صاحب کا نام بھی آچکا تھا، پھر آصف علی زرداری نے تمام اختیارات پارلیمنٹ کو واپس لوٹائے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی سفارتی محاذ پر کامیابیاں قابل فخر ہیں، ہمارے وزیر خارجہ نے کشمیر کے مسئلے پر بھارتی سفارتی کاری کو حیران کردیا ہے، جس طرح بلاول نے بھارتی وزیر خارجہ کو جواب دیا اس پر فخر ہے۔