بالی ووڈ کے اداکار، ہدایتکار اور پروڈیوسر شریاس تالپڈے نے اپنے 2012 کی فلم کمال دھمال مالامال کی ایک پرانی ویڈیو پر معذرت کرلی۔
انہوں نے یہ معذرت ایک ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو کلپ شیئر ہونے کے بعد کی جس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ شیریاس کے کردار نے ہندو دیوتا کی بےتوقیری کی۔
مذکورہ بالا ٹوئٹ کے بعد اس پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے شریاس نے معذرت جاری کی اور کہا کہ وہ نہ تو آئندہ کبھی اس کا اعادہ کریں گے اور نہ ہی کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچائیں گے۔
ہندی اور مراٹھی سینما کے اداکار نے پیر کو جاری کردہ اپنے معذرت نامے میں کہا کہ دراصل شوٹنگ کے دوران ایسی بہت سی وجوہات ہوتی ہیں جس میں کہ وقت کی کمی، ذہنی کیفیت، ایکشن سین، فلم ڈائریکٹر کی ضروریات وغیرہ جن کی وجہ سے غلطی کا اندازہ نہیں ہوتا۔
ان کا کہنا تھا کہ لیکن میری اس وضاحت کا مقصد اپنی غلطی کا جواز دینا نہیں ہے، بس میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ یہ نادانستگی میں ہوا جس کے لیے میں بہت شرمندہ اور معافی کا خواستگار ہوں۔