پاکستانی معروف اداکارہ اور پروڈیوسر حریم فاروق نے فلم سازی کا شوق رکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلم بنانا ایک مشکل کام ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں۔
حالیہ انٹرویو کے دوران حریم فاروق سے یوٹیوبر رجب بٹ کے فلمی دنیا میں قدم رکھنے کے فیصلے پر ہونے والی تنقید اور سوشل میڈیا ٹرولنگ کے حوالے سے سوال کیا گیا۔
حریم فاروق نے اس تنقید کو غیر اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، لوگوں کو فلمیں بنانے کی کوشش سے روکنے کے بجائے ان کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔
ان کا کہنا ہے کہ جو بھی فلم سازی کے میدان میں قدم رکھنا چاہتا ہے، اسے آگے بڑھنے کی ترغیب دینی چاہیے، تاہم اسے ناظرین کے حوالے سے اپنی ذمے داری کا احساس بھی ہونا چاہیے۔
حریم فاروق نے زور دیا کہ مقصد معیاری فلمیں بنانا ہونا چاہیے، ایسی فلمیں جنہیں لوگ دیکھنا پسند کریں اور جو عالمی سطح پر پاکستانی سنیما کی نمائندگی کر سکیں۔
ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب رجب بٹ ہدایت کار سید فیصل بخاری کی فلم کے ذریعے بڑے پردے پر ڈیبیو کرنے کی تیاری کر رہے ہیں، فلم میں اداکارہ امر خان مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں، جبکہ دیگر تجربہ کار فنکار بھی اس فلم کا حصہ ہیں۔