اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت سے درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعد چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے لاہور ہائیکورٹ میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کردی۔
لاہور ہائیکورٹ میں عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر آج ہی سماعت متوقع ہے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے باہر احتجاج کے کیس میں انسداد دہشتگردی کی عدالت نے عدم حاضری پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی۔
الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف کیس کی انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن نے سماعت کے دوران فیصلہ سنایا۔
انسداد دہشتگردی کی عدالت نے عمران خان کو آج ڈیڑھ بجے پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔ جج جواد عباس نے احکامات جاری کرتے ہوئے عمران خان کی استثنیٰ کی درخواست بھی خارج کردی تھی۔
مذکورہ کیس میں عمران خان عبوری ضمانت پر ہیں، عدالت نے آج تک حاضری کے لیے عمران خان کو مہلت دے رکھی تھی۔
اس سے قبل بینکنگ کورٹ بھی عمران خان کو آج عدالتی وقت ختم ہونے سے پہلے پیش ہونے کا حکم دے چکی تھی۔
بینکنگ کورٹ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ان کو آج ساڑھے 3 بجے تک پیش ہونے کی مہلت دی تھی۔
اس معاملے پر بھی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا، جس کے بعد عدالت عالیہ نے بینکنگ کورٹ کو 22 فروری تک عمران خان کی درخواست ضمانت پر فیصلے سے روک دیا تھا۔