عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے سپریم کورٹ کے اگلے اقدامات کی پیشگوئی کردی۔
جیو نیوز کے پروگرام "نیا پاکستان" میں بات کرتے ہوئے کہا شیخ رشید نے کہا کہ سپریم کورٹ چوروں کو اندر کرے گی، اوورسیز کو ووٹ کا حق دے گی۔ سپریم کورٹ نے ملک بچانا ہے، الیکشن کا حکم بھی دے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے، شرائط ماننے کے باوجود آئی ایم ایف کہتا ہے اگلے ہفتے بتائیں گے۔
شیخ رشید نے کہا کہ میں فوج اور ادارے کے خلاف کبھی بات نہیں کروں گا، مجھ سے موبائل کا پاس ورڈ مانگا انہیں دے دیا ہے، موبائل میں صحافیوں اور ان کے ہی نمبر ہیں جو پاس ورڈ مانگ رہے تھے، مجھ سے کیس کے بارے میں کوئی بات نہیں کی گئی، یہ میرے ٹوئٹ سے ڈرے ہوئے ہیں، میں ٹوئٹ سے ہی ان کا کام کردوں گا۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ ہر آدمی ہاتھ جوڑتا تھا، معافی مانگتا تھا، کہتا تھا ہم پر بہت پریشر ہے، مجھ پر کوئی تشدد نہیں کیا گیا، جیل میرا سسرال ہے، مجھے سزائے موت کی چکی میں رکھا، میں کبھی آبدیدہ نہیں ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے کبھی شراب نہیں پی، میری آنکھیں بندھی ہوئی تھیں، میں نہیں دیکھ سکا کون بات کر رہا تھا، میں نے ان کی گفتگو سے محسوس کیا کہ وہ صوبائی اور عام انتخابات ساتھ کروانا چاہتے ہیں۔