• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عثمان قادر نے جیسن روئے کی وکٹ لینے پر فضا میں کیا لکھا؟


ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کے 9 ویں میچ میں پشاور زلمی کے عثمان قادر نے بتا دیا کہ انہوں نے جیسن روئے کی وکٹ پر جشن مناتے ہوئے فضا میں کیا لکھا تھا۔

سوشل میڈیا پر عثمان قادر کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی تھی جس میں انہوں نے انگلینڈ کے کھلاڑی جیسن روئے کو آؤٹ کرنے کے بعد فضا میں کچھ لکھا تھا۔

انہوں نے بتایا ہے کہ وکٹ لینے کے بعد فضا میں اے اور کیو بنایا تھا، اے اور کیو سے مراد والد کا نام عبدالقادر تھا۔

عثمان قادر نے بتایا کہ یہ سب پلان کر کے نہیں کیا، ایک دم سے خیال آیا اور وکٹ والد صاحب کے نام کر دی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کے عثمان قادر نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف 26 رنز دے کر 2 کھلاڑی آوٹ کیے تھے۔

پشاور زلمی نے دلچسپ مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کرکٹ ایرینا میں کھیلے گئے اس میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دیا گیا 155 رنز کا ہدف پشاور زلمی نے 19 ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا تھا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید