کراچی میں عمارت گرنے کے واقعے کے بعد کانٹریکٹر اور مالک کے بھائی سمیت 5 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔
بلوچ کالونی کے قریب 6 منزلہ نئی تعمیر کی گئی عمارت گر گئی، واقعے میں تین افراد جاں بحق ہوگئے، 14 کو زخمی حالت میں ملبے سے نکالا گیا۔
گرنے والی عمارت چھ سو گز کے پلاٹ پر تعمیر کی گئی تھی، فی الحال عمارت میں کوئی رہائش پذیر نہیں تھا، مزدور پانچویں منزل پر کام کر رہے تھے کہ عمارت ایک زوردار دھماکے سے گر گئی۔
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کا کہنا ہے کہ رہائشی پلاٹ پر مبینہ طور پر کمرشل تعمیرات کی گئی تھیں، 600 گز کے پلاٹ پر گراؤنڈ پلس فائیو عمارت تعمیر کی گئی تھی۔
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ریکارڈ کے مطابق پلاٹ پر فلیٹس اور یونٹس کی تعمیر کی اجازت نہیں تھی، تعمیرات سے منسلک افراد میں محمد عبداللّٰہ شکیل، بلال شکیل اور ذیشان اسلم عرف شانی کے نام سامنے آئے ہیں، جبکہ آرکیٹیکٹ کا نام محمد فرحان بصیر بتایا گیا ہے۔ ان تمام افراد کے کردار اور ذمہ داری کا تعین تحقیقات کے بعد ہوگا۔
یونین کمیٹی نمبر 3 محمود آباد کی جانب سے پلاٹ مالکان کو تین بار نوٹس جاری کیے، ایس بی سی اے نے بھی پلاٹ مالکان کو نوٹس جاری کیے، تاہم مالکان اور بلڈرز نے عدالت سے اسٹے آڈر لے لیا تھا۔
میئر کراچی نے واقعے کی شفاف تحقیقات اور پورشن مافیا سمیت دیگر ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی یقین دہانی کروائی ہے۔
تشویش کی بات یہ ہے کہ اطلاعات کے مطابق ایڈمن سوسائٹی میں دو درجن سے زائد عمارتیں ایسی ہیں جہاں رہائشی پلاٹس پر کمرشل طرز کی تعمیرات جاری ہیں۔