• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف کی پریس کانفرنس ڈرامہ ہے، وہ مگر مچھ کے آنسو نہ بہائیں، عمران خان

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے وزیراعظم شہباز شریف کی پریس کانفرنس کو ڈرامہ اور مگر مچھ کے آنسو بہانہ قرار دیدیا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے ڈیفالٹ کرنےکے ذمے دار میر جعفر اور میر صادق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 10 ماہ سے حکومت نے پاکستان سے جو کیا وہ دشمن بھی نہیں کرتا ہے، آج میری حکومت کے مقابلے میں 3 گنا زیادہ مہنگائی ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ آج پٹرول ڈیزل میرے دور سے 100 روپیہ زیادہ مہنگا ہے، وزیراعظم سرکاری زمینیں بیچنے کا ڈرامہ نہ کریں۔

ان کا کہنا تھاکہ آج پاکستان میں 50 سال کی سب سے زیادہ مہنگائی ہے، امید تھی وزیراعظم 30 سال کا چوری شدہ پیسہ واپس لانے کا اعلان کریں گے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ میرے دور میں ڈالر کی تاریخی آمد ہوئی، ہم نے 50 لاکھ نوکریاں لوگوں کو دیں، وزیراعظم چوری شدہ پیسے کا آدھا بھی واپس لے آئیں تو مہنگائی ختم ہو جائے۔

انہوں نے شہباز شریف کا نام لیے بغیر کہا کہ جب ہماری حکومت تھی تو آپ نے کس قسم کی تقریریں کیں، آپ نے ہماری حکومت گرائی، آپ سازش کا حصہ تھے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ شہباز شریف، آصف زرداری اور بیرونی طاقتوں نے مل کر میری حکومت گرائی، آپ نے آتے ساتھ ہی 1100 ارب روپے کے کرپشن کیسز معاف کروائے۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ نے وعدہ کیا تھا ایک دم ٹھیک ہوجائے گا، خوشحالی آجائے گی جبکہ آج شہباز شریف نے قوم سے کہا کہ مزید مہنگائی آئے گی۔

عمران خان نے کہا کہ قوم مہنگائی کے لیے نہیں کسی اور چیز کے لیے تیار ہے، ہم نے 10 اپریل سے حقیقی آزادی کی تحریک شروع کی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہوریوں نے آج جس طرح جیل بھرو تحریک کو سپورٹ کیا اس پر شکریہ ادا کرتا ہوں، شہباز شریف دیکھ لو قوم انقلاب کے لیے تیار ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ قوم نے فیصلہ کرلیا ہے، قوم سڑکوں پر آنے کے لیے تیار ہے، 10 اپریل کے بعد ہماری ساری جدوجہد قانون کے مطابق ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان میں آئین اور قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں، ہم چاہتے ہیں قانون کی بالادستی ہو، جنگل کا قانون نہ ہو۔

قومی خبریں سے مزید