سیالکوٹ (نمائندہ جنگ) ناجائز منافع خوری،ذخیرہ اندوزی، اشیائے خورد نوش میں ملاوٹ اور ناپ تول میں ہیرا پھیر ی اسلامی تعلیمات کے منافی عمل ہے اور ایک مسلمان کو ان سے مکمل اجتناب برتنا چاہئے اور تاجروں اور آڑھتیوںکو چاہیے کہ وہ رمضان المبارک میں اللہ کی خوشنودی کیلئے اشیائے ضروریہ پر اپنے جائز منافع سے بھی کم منافع لیں تانکہ کم وسائل رکھنے والے خاندان بھی رمضان کی خوشیوں میں شامل ہوسکیں۔ ان خیالات کا اظہارڈی سی او اور ڈی پی او سیالکوٹ نے نیو سبزی و فروٹ منڈی سیالکوٹ کے دورے کے دوارن‘ سبزیوں اور پھلوں کی دستیابی اور نیلامیوں کے عمل کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ انہوںنے اس موقع پر موجود ریونیو، زراعت اور مارکیٹ کمیٹی کے مقامی حکام کو متنبہ کیا کہ رمضان المبارک میں فرائض منصبی سے پہلو تہی کرنے والے ملازمین کے خلاف سخت دیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ منڈی اور مارکیٹوں کی مانیٹرنگ کا مقصدناجائز منافع بٹورنے والے عناصر کی حوصلہ شکنی کرنا ہے اوراشیائے ضروریہ کی وافر مقدار میں دستیابی اور ان کی قیمتوں کا اعتدال میں رکھنا ہے ۔