اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر صفائی نہ ہونے سے متعلق خبروں کو غلط قرار دے دیا گیا۔
ترجمان کے مطابق کچھ شرپسند عناصر غلط بیانی سے غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ صبح کی شفٹ کے کچھ ملازمین نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا تاہم بیشتر اسٹاف پیشہ ورانہ طریقے سے اپنے فرائض انجام دے رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق احتجاج کے نتیجے میں صفائی کے کچھ وقتی مسائل پیدا ہوئے تاہم جلد ہی ان پر قابو پالیا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ انتظامیہ ان اسٹاف ممبران سے رابطے میں ہے اور جلد ان کی غلط فہمیوں کو دور کردیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق سول ایوی ایشن ریٹینرشپ ملازمین کو سروس لیول ایگریمنٹس کے ذریعے ملازمت کی بہترین سہولیات یقینی بنارہی ہے، سروس لیول ایگریمنٹس لاگو ہونے پر تنخواہوں میں کوئی کمی نہیں ہوگی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن بین الاقوامی تجربہ کی حامل کمپنی کے ذریعے ان ملازمین کی فلاح و بہبود کو یقینی بنائے گی۔
ترجمان کے مطابق ریٹینرشپ ملازمین کو اس ایگریمنٹ کے تحت صحت، سوشل سیکورٹی، ٹریننگ اور کیریئر کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔
ترجمان کے مطابق انتظامیہ دستیاب ملازمین کے ذریعے ایئرپورٹ کے تمام حصوں بشمول ٹرمینل بلڈنگ کی صفائی کو یقینی بنائے ہوئے ہے۔