کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ ایمپلائیز سوشل سکیورٹی انسٹیٹیوشن (سیسی) کے تحت مزدوروں کے لئے بینظیر بھٹو مزدور کارڈ کا اجراء تیزی سے جاری ہے تاہم ہم چاہتے ہیں کہ یکم مئی تک باقی مانندہ رجسٹرڈ مزدوروں کو بھی یہ کارڈز جاری ہوجائیں، نادرا تمام بڑے صنعتی یونٹس، ان کی لیبر کالونیوں اور صنعتکاروں کی ایسوسی ایشنز کے ساتھ مل کر اس کام کو تیزی سے مکمل کر یں ، اب تک 88 ہزار سے زائد کی نادرامیں انرولمینٹ کی گئی ہے جبکہ 60 ہزار سے زائد مزدوروں کو کارڈز فراہم کردئیے گئے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز چیئرمین نادرا طارق ملک سے ملاقات کے دوران کیا اس موقع پر کمشنر سیسی اختر قریشی، وائس کمشنرصفدر رضوی اور دیگر موجود تھے، چیئرمین نادرا اور صوبائی وزیر محنت نے بینظیر مزدور کارڈ کے اجراء کی پیش رفت اور اس میں درپیش مسائل اور ان کے فوری حل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ، نادراکے چیئرمین سے استدعا کی کہ وہ سیسی کے تحت چلنے والی اسپتالوں اور ڈسپنسریوں میں بھی انرولمنٹ ڈیسک قائم کروائیں اور وہاں جو بھی مزدور پرانے کارڈز کے ذریعے علاج معالجہ کروا رہا ہے اس کی انرولمنٹ کرکے ان کی رجسٹریشن کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کرے ۔