وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ایشیائی ترقیاتی بینک( اے ڈی بی) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کے وفد نے ملاقات کی ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پاکستان میں پائیدار ترقی کے فروغ میں اے ڈی بی کے کردار اور تعاون کو سراہا۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں وزیر خزانہ نے وفد کو ملک کی معاشی صورتحال اور درپیش چیلنجز اور گزشتہ سال سیلاب سے ہونے والے نقصانات سے بھی آگاہ کیا۔
اس موقع پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت نے معیشت کو استحکام اور ترقی کی طرف گامزن کیا ہے، بجٹ اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم کرنے اور محصولات میں اضافے کے لیے توانائی سمیت اہم شعبوں میں مشکل فیصلے کیے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ نے وفد کو آئی ایم ایف مشن سے مذاکرات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
وزیر خزانہ کے آئی ایم ایف پروگرام مکمل کرنے اور بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرنے کے عزم پر اے ڈی بی کے وفد نے اصلاحات اور اہم اقتصادی شعبوں میں پالیسی فیصلوں کو سراہا۔
وفد نے موسمیاتی فنانسنگ اور ماحولیات کے تحفظ پر بھی تبادلہ خیال کرتے ہوئے اے ڈی بی کی جانب سے پاکستان کے لیے ہر طرح کی معاونت اور تعاون کرنے کا اظہار کیا۔