• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کا طرز عمل انتہائی خود غرضانہ ہے، وزیر خزانہ اسحاق ڈار


وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ عمران خان کا طرز عمل انتہائی خود غرضانہ ہے، اللّٰہ کے فضل سے پاکستان نہ ڈیفالٹ ہوا ہے نہ ہی ڈیفالٹ ہوگا، جو عمران خان کو لائے اور تحفظ دیا آج وہ بھی غلطی مان رہے ہیں، اس وقت ہم 2018 میں شروع ہونے والی تباہی سے ہی گزر رہے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار  نے کہا کہ پی ڈی ایم کا حکومت لینے کا فیصلہ قابل ستائش ہے، سب کہتے تھے حکومت لینے کی غلطی کی، خان کو چلنے دیتے۔

انہوں نے کہا کہ کل سے بہت زیادہ بحث ہو رہی تھی، آج دو بدو بات کر لیتے ہیں، آج عمران نیازی کو آئینہ دکھاؤں گا، ملکی معیشت کا بیڑہ تو نیازی صاحب غرق کر چکے تھے۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ اللّٰہ کے فضل سے پہلی دفعہ ضمنی بجٹ ہدف پورا نہ ہونے کی وجہ سے نہیں آیا، آئی ایم ایف کا جائزہ حتمی مراحل میں ہے اور عمران خان غیر ذمہ دارانہ بیانات دے رہے ہیں، اپنی سیاست کے لیے ملک کو قربان کرنا خان صاحب کے لیے کوئی مسئلہ نہیں، غیر ضروری ایل سیز کو ترجیح میں نیچے  بالکل ٹھیک رکھا ہوا ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ کیا یہی پاکستان دنیا کی 24ویں بڑی معیشت نہیں تھا؟  کیا اب پاکستان 47 ویں نمبر پر نہیں چلا گیا؟ شبّر زیدی کون ہو تم؟ اربوں روپے ریفنڈ میں دے کر گئے ہو، شبّر زیدی جو کچھ کر کے گئے ہیں انہیں جیل میں ہونا چاہیے۔

واضح رہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے صحافی نے استعفے سے متعلق سوال پوچھا تھا۔

اس سے قبل پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران ایک صحافی نے اسحاق ڈار سے سوال کیا کہ موجودہ معاشی صورتحال پر حکومتی حکمت عملی کیا ہے؟

اس موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ استعفیٰ دینے جا رہے ہیں؟

صحافی کے سوال پر اسحاق ڈار نے مسکراتے ہوئے کہا تھا کہ آپ کو تکلیف ہے میرے کام کرنے میں؟

صحافی نے سوال کیا کہ سابق چیئرمین ایف بی آر شبّر زیدی نے کہا ہے کہ آپ آج استعفیٰ دینے جارہے ہیں؟

اس بات پر اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ شبّر زیدی نے اس ملک کے ساتھ کیا کیا ہے؟

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اس وقت اربوں روپے ری فنڈز پر شبّر زیدی کو جیل میں ہونا چاہیے۔

قومی خبریں سے مزید