چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا موجودہ صورتِ حال سے متعلق بیان سامنے آ گیا۔
عمران خان نے سوشل میڈیا پر پیغام میں کہا ہے کہ کسی ملک کا مستقبل کیا ہو سکتا ہے جب بدمعاشوں کو وہاں حکمران بنا دیا جائے؟
سابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ شہباز شریف کو کرپشن پر سزا سنائی جانے والی تھی جب انہیں جنرل (ر) باجوہ نے بچایا۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو 8 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے نیب کیس میں سزا ہونے والی تھی۔
عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف کو 16 ارب روپے کی کرپشن کے ایف آئی اے کے کیس میں بھی سزا ہونے والی تھی۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین نے کہا کہ جنرل باجوہ زیرِ سماعت مقدمات کی سماعت ملتوی کراتے رہے۔
عمران خان نے کہا کہ جب شہباز شریف کے خلاف مقدمات زیر سماعت تھے تو انہیں وزیراعظم بنایا گیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ پھر شہباز شریف نے ان اداروں کے سربراہوں کا انتخاب کیا جو ان کے کیسز کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
عمران خان نے مزید کہا ہے کہ پہلے ایف آئی اے اور اب نیب، صرف خود کو کرپشن اور منی لانڈرنگ مقدمات سے کلیئر کروانے کے لیے یہ سب کیا گیا۔
سابق وزیر اعظم عمران خان نے یہ بھی کہا ہے کہ اس طرح ایک ملک بنانا ری پبلک بن جاتا ہے۔