توشہ خانہ کیس میں ناقابل ضمانت وارنٹ پر اسلام آباد پولیس زمان پارک پہنچی تو کارکن آڑے آگئے، پولیس نے وارنٹ کی تعمیل کروائی اور لوٹ گئی۔
آج پولیس نے عمران خان کی رہائش گاہ کو گھیرے میں لے لیا تھا، اسلام آباد پولیس کے ساتھ لاہور پولیس کے اہلکار بھی موجود تھے۔
اس موقع پر اسلام آباد پولیس کا کہنا تھا کہ ہم عدالت کے حکم سے زمان پارک آئے ہیں، عمران خان توشہ خانہ کیس میں عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
پولیس کے مطابق اسلام آباد پولیس کو عمران خان کی رہائش گاہ کے اندر جانے سے روکا جا رہا ہے۔
اسلام آباد پولیس کے حکام کا کہنا تھا کہ ایس پی کی سربراہی میں آئے ہیں، ہمارے ساتھ پولیس فورس بھی موجود ہے، ہمیں لاہور پولیس کی معاونت بھی حاصل ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر، فواد چوہدری اور سینیٹر اعجاز چوہدری بھی زمان پارک میں موجود تھے۔
تحریکِ انصاف کے کچھ کارکن بھی ڈنڈے لے کر زمان پارک پہنچے۔
اعجاز چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ ہمارے وکلاء آ رہے ہیں، وہ پولیس سے بات کریں گے، ہمیں اپنے وکلاء کا انتظار ہے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس عمران خان کے وارنٹ گرفتاری لے کر لاہور پہنچی ہے۔
موجودہ صورتِ حال کے حوالے سے عمران خان کے لیے اڈیالہ جیل میں سیل تیار کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل میں عمران خان کو اسی سیل میں رکھا جائے گا جہاں ن لیگ کے رہنما و سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کو رکھا گیا تھا۔
دوسری جانب نگراں صوبائی وزیرِ اطلاعات عامر میر نے کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس عدالتی حکم پر عمران خان کو گرفتار کرنے آئی ہے۔
’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اسلام آباد پولیس کی آئین اور قانون کے مطابق معاونت کرے گی۔
عمران خان کے وارنٹ گرفتاری ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے جاری کیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کو توشہ خانہ ریفرنس کیس میں عدالتی حکم پر گرفتار کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کو مکمل قانونی تقاضے پورے کر کے گرفتار کیا جائے گا۔
اس سے قبل 28 فروری کو اسلام آباد کی عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں فوجداری کارروائی کے کیس میں عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیے تھے۔
عمران خان بار بار بلانے کے باوجود عدالت میں پیش نہیں ہوئے جس پر ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے ان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کیے تھے۔
دوسری جانب پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے عمران خان کی ممکنہ گرفتاری پر حکومت کو خبردار کر دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کی کوئی بھی کوشش حالات کو شدید خراب کر دے گی۔