• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدلیہ کیخلاف روزانہ مہم چلانے والی مریم نواز پر کوئی پابندی نہیں، پرویز الہٰی

سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ عدلیہ کے خلاف روزانہ مہم چلانے والی مریم نواز پر کوئی پابندی نہیں ہے۔

پرویز الہٰی سے غیر ملکی وفود نے ملاقات کی، جس میں اسپین سے عبدالغفار اور جرمنی سے ڈاکٹر انصر بھی شریک ہوئے، ملاقات میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل اور ملکی سیاسی معاملات پر بات چیت کی گئی۔

اس موقع پر پرویز الہٰی نے کہا کہ عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا، موجودہ حکمرانوں نے چھین لیا، عمران خان کی آواز گھر گھر پہنچ چکی، حکومتی پابندیاں شہرت کم نہیں کر سکتیں۔

سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکمران بد ترین فسطائیت کا مظاہرہ کر رہے ہیں، عمران خان سے خوفزدہ حکمران روز ان کے خلاف نئے مقدمات بنا رہے ہیں، حکمران گرتی ہوئی عوامی مقبولیت کے باعث حواس کھو چکے ہیں۔

پرویز الہٰی نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت نے ظلم و جبر اور قانون شکنی کی نئی داستانیں رقم کیں، پی ڈی ایم کی قیادت کو غیر آئینی اور غیر قانونی اقدامات کا جواب دینا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکمران اتحاد کی خواہش ہے کہ اگلے 10 سال بھی الیکشن نہ ہوں۔

قومی خبریں سے مزید