سابق چیئرمین سینیٹ اور پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے معاہدے میں تاخیر پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جائے۔
اسلام آباد سے جاری بیان میں رضا ربانی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ آئی ایم ایف معاہدے میں تاخیر پر ایوان کو اعتماد میں لے۔
انہوں نے کہا کہ چین کے سوا دوست ممالک کی ہچکچاہٹ کے معاملے پر ایوان کو اعتماد میں لیا جائے۔
رضا ربانی نے مزید کہا کہ لگتا ہے پاکستان کو ایسے کردار کےلیے آمادہ کیا جا رہا ہے، جو اس کے قومی، اسٹریٹجک مفاد کےخلاف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کیا ہمارے چین کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات خطرے میں ہیں؟ ان معاملوں پر وزیر اعظم ایوان میں بیان دیں۔
پی پی سینیٹر نے یہ بھی کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی اور دہشت گردی کے بڑھتے واقعات پر کوئی بریفنگ نہیں دی گئی، لگتا ہے پی ٹی آئی یا موجودہ حکومت پارلیمنٹ سے آزادی چاہتے ہیں۔