صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے پنجاب میں امیدواروں سے پارٹی ٹکٹ کی درخواستیں طلب کرلیں، انہوں نے کہا کہ اللہ کا نام لے کر انتخابی میدان میں اترنے کی تیاری کریں۔
امیدواروں کو درخواستیں جمع کرانے کیلئے پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
شہباز شریف نے پارلیمانی بورڈز کو پنجاب اور خیبر پختونخوا میں امیدواروں کی فہرستوں کو حتمی شکل دینے کی ہدایت دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امیدوار 12 مارچ کی آخری تاریخ کا اعلان ہونے کے پیش نظر اپنے حلقوں میں کاغذات جمع کرائیں۔
صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پاکستان اور عوام کی خدمت کا نام ہے، قائد نواز شریف کی رہنمائی میں ہم نے ہمیشہ ملک کو بحرانوں سے نکالا ہے، اب بھی سرخرو ہوں گے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مہنگائی میں کمی، دہشتگردی کا خاتمہ، عوام کیلئے بہترین سفری سہولتیں نواز شریف اور ان کی جماعت کی پہچان ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کے اندھیروں کو مٹایا، پاکستان کو معاشی قوت بنایا، ایک بار پھر یہ منزل حاصل کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع دیے، لیپ ٹاپ اور وظائف دیے، یہ سفر آگے بڑھائیں گے۔
صدر مسلم لیگ (ن) نے مزید کہا کہ معاشی تباہی، مہنگائی اور مسائل کے عذاب میں مبتلا کرنے والوں کوعوام جانتے اور پہچانتے ہیں۔
شہباز شریف نے انتخابی مہم چلانے کیلئے حکمت عملی کی تیاری کی ہدایت بھی کر دی۔