مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ ترازو کے پلڑے برابر نہ ہوں تو صرف سلیکشن ہوتی ہے۔
مریم نواز کی زیر صدارت مسلم لیگ ن فیصل آباد ڈویژن کا اجلاس ہوا، جس میں تنظیمی ڈھانچے کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ فیصل آباد میں کارکنوں کا جذبہ بڑا متاثرکن تھا، خواتین اور نوجوانوں کی بھرپور شرکت پر بے حد خوش ہوں، کہا جا سکتا ہے مسلم لیگ ن نوجوانوں کی جماعت ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے شیروں کی آواز کی گونج پورے پاکستان نے سُنی، مسلم لیگ ن الیکشن میں جیت کے لیے اترے گی، ن لیگ ترقی اور عوام کی خوشحالی کا دوسرا نام ہے۔
مریم نواز کا کہنا ہے کہ مہنگائی میں صرف مسلم لیگ ن ہی کمی لاسکتی ہے، خواتین اور نوجوانوں کو قیادت کی صف میں لائیں گے، نصف آبادی خواتین اور 68 فیصد نوجوان آبادی کو زیادہ مواقع دیں گے، خواتین اور نوجوانوں کی ترقی سے پاکستان میں اصل تبدیلی آئے گی۔
مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر نے کہا کہ سوشل میڈیاکی طاقت کو اچھے جذبوں اور مثبت سوچ پھیلانے کے لیے استعمال کریں، معاشرے میں نفرتوں کی آگ ختم کرنا ہو گی، بدقسمتی سے سوشل میڈیا کو کوڑے دان اور گٹر سوچ کا ذریعہ بنا دیا گیا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے سوشل میڈیا رضاکار یہ گند صاف کرنے میں کردار ادا کریں، ن لیگ کے سوشل میڈیا ونگ کو مسلم کلچر کی شناخت بننا ہے۔