ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کے اہم میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 263 کا پہاڑ سر نہ کرسکے اور ملتان سلطانز نے یہ میچ 9 رنز سے جیت لیا۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔
پہلے بیٹنگ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ان فارم ملتان سلطانز نے رنز کا انبار لگادیا اور مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 262 رنز بناڈالے۔
ملتان سلطانز کے عثمان خان نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی تاریخ کی تیز ترین سنچری بنائی۔
انہوں نے 41 گیندوں پر 120 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جس میں 12 چوکے اور 9 چھکے شامل تھے۔
عثمان کے ساتھ اوپننگ پارٹنر سلطانز کے کپتان رضوان نے 29 گیندوں پر 55 رنز کی اننگز کھیلی۔ انہوں نے 6 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔
گزشتہ میچ کے ہیرو رائیلی روسو نے 15 رنز بنائے لیکن ٹم ڈیوڈ 43 اور کیرون پولارڈ کے 23 رنز کی بدولت ملتان سلطانز نے 262 رنز کا ٹوٹل بورڈ پر سجایا۔
ہدف کے تعاقب میں ایک مرتبہ پھر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنے مداحوں کو مایوس نہیں کیا۔ اس مرتبہ جیسن روئے نہ چل سکے، لیکن مارٹن گپٹل نے 14 گیندوں پر 37 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔
گپٹل اور پھر محمد حفیظ کے ایک رن پر پویلین لوٹنے کے بعد افتخار احمد اور عمیر بن یوسف نے سنچری پارٹنر شپ بنائی اور ٹیم کو جیت کی راہ پر لانے کی کوشش کی۔
افتخار احمد 53 اور عمیر 67 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد عمر اکمل نے 10 گیندوں پر 28 اور محمد نواز نے 7 گیندوں پر 16 رنز کی اننگز کھیلی۔
ملتان سلطانز کے عباس آفریدی نے ان دونوں کو آؤٹ کرکے ہیٹ ٹرک کی اور کوئٹہ کی پیش قدمی کو بریک لگادی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز بنائے۔
سلطانز کے عباس آفریدی کو عمدہ بولنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کپتان کوئٹہ گلیڈی ایٹرز محمد نواز کا کہنا تھا کہ آج کے میچ میں چار تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ میچ اہم ہے کوشش کریں گے جیت کر اگلے مرحلے میں جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پچ پر 240 رنز بن رہے ہیں، مگر ہم اپنی اسٹرینتھ کے مطابق ہی کھیلیں گے۔
ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا تھا کہ پچ جیسی بھی ہو، پلاننگ کے ساتھ کھیلیں گے تو جیتیں گے۔
ملتان سلطانز محمد رضوان کی کپتانی میں میدان میں اتری، دیگر کھلاڑیوں میں عثمان خان، رائیلی روسوو، ٹم ڈیوڈ، کیرون پولارڈ، خوشدل شاہ، انور علی، اسامہ میر، اظہارالحق نوید، عباس آفریدی اور احسان اللّٰہ شامل تھے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کپتانی محمد نواز نے کی جبکہ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں مارٹن گپٹل، جیسن روئے، عمیر بن یوسف، محمد حفیظ، افتخار احمد، عمر اکمل، قیس احمد، عمید آصف، نوین الحق اور ایمل خان شامل تھے۔