کراچی (نیوز ڈیسک) تجزیہ کاروں نے ٹرمپ کو انتباہ کیا ہے کہ آپ کے اقدامات سے غیر متوقع عالمی بحران پیدا ہوگیا ہے۔ امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر مسلسل فضائی حملے خطے کی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا سکتے ہیں، اگر ایران میں خانہ جنگی یا سیاسی انتشار پیدا ہوا تو مہاجرین اور معاشی بحران دنیا بھر کو متاثر کریں گے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق سیاسی ماہرین نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ مل کر ایران پر حملوں کی حکمت عملی نے مشرقِ وسطیٰ میں ایک غیر متوقع بحران کو جنم دیا ہے جو عالمی عدم استحکام کا سبب بن سکتا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اگرچہ مسلسل امریکی اور اسرائیلی فضائی حملے ایران کی علاقائی طاقت کو کمزور کرسکتے ہیں اور اسرائیل کو بڑے خطرے سے بچا سکتے ہیں، تاہم اگر ایران میں حکومت کمزور ہو کر خانہ جنگی، سخت حکومتی کریک ڈاؤن یا بڑے مہاجرین بحران کی شکل اختیار کرلیتی ہے تو اس کے اثرات پوری دنیا کی معیشت اور سلامتی پر پڑیں گے۔ یورپی پالیسی ماہرین کا کہنا ہے کہ کئی ممالک اس صورتحال میں شدید دباؤ کا شکار ہیں کیونکہ ایک طرف وہ بین الاقوامی قانون اور عالمی نظام کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں جبکہ دوسری طرف امریکہ کو ناراض بھی نہیں کرنا چاہتے۔