وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ لاہور کی سڑکوں پر تعمیر اور تخریب کا مقابلہ جاری ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صحافی نے خرم دستگیر سے سوال کیا کہ کیا لاہور میں عمران خان کے گھر کی بجلی بند کر رہے ہیں؟
اس پر وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم تو بجلی بند نہیں کر رہے تاہم انہوں نے خود ہی پٹرول بم سے ایک ٹرانسفارمر اڑا دیا۔
انہوں نے کہا کہ گوادر کے عوام کی بجلی کا دیرینہ مطالبہ پورا کردیا، ایران سے اضافی 100میگاواٹ بجلی درآمد کا معاہدہ ہوگیا ہے۔
خرم دستگیر نے کہا کہ اب گوادر کو 24 گھنٹے بجلی ملے گی، جلد وزیراعظم افتتاح کریں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ دونوں ملکوں نے اپنے اطراف ٹرانسمیشن لائن مکمل کرلی ہے۔
خرم دستگیر نے کہا کہ تھر سے بجلی ترسیل کے لیے بھی ترسیلی لائن بنا رہے ہیں، بھاشا ڈیم کی بجلی اٹھانے کے لیے بھی مانسہرہ میں بڑا گرڈ اسٹیشن بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات پر بات کی ہے، بتایا کہ آلودگی میں پاکستان کا کردار بہت کم ہے مگر پاکستان اس کے نقصانات بہت زیادہ اٹھا رہا ہے۔