پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ عدالتوں کو ریاست کے ساتھ اشتراک کی ضرورت ہے، عدالتوں کے رویے سے ریاست کمزور ہورہی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فضل الرحمان نے کہا کہ کون سی قوتیں ہیں جو عمران خان کی حمایت کر رہی ہیں؟ اس کا عشر عشیر بھی کوئی مذہبی جماعت کرتی تو دہشتگرد قرار دیا جاتا، عمران خان پاکستان کو کمزور کرنے کا ایجنڈا رکھتا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان کو سیاست کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے، سی آئی اے کا نمائندہ زلمے خلیل زاد عمران کے حق میں بیان دے رہا ہے، زلمے کے بیان سے ثابت ہوگیا عمران خان غیر ملکی ایجنڈا ہے، تحریک انصاف سیاسی جماعت نہیں، کھلنڈروں کا مجموعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے خود اسمبلیاں توڑیں اس غلطی کی قیمت پاکستان کیوں ادا کرے؟ ہمیں سوچنا چاہیے کہ ملک اوّل ہے یا عمران خان کی خواہش اوّل ہے، وزرائے اعلیٰ نے نہیں یہ دونوں اسمبلیاں عمران خان کی خواہش اور حکم پر توڑی گئی ہیں۔
فضل الرحمان نے کہا کہ دیکھا جائے کہ عمران خان کا یہ فیصلہ عقلمندانہ اور معروضی حالات سے مطابقت رکھتا تھا، عمران خان کی غلطیوں کی سزا پاکستان کو نہیں دی جا سکتی، ہمیں حالات کو دیکھنا ہے اور حالات کے مطابق چلنا ہے، ہم نے اس طرح کے فتنوں سے پاکستان کو محفوظ کرنا ہے۔
سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ اس وقت قبائلی اضلاع سمیت پورے خیبر پختونخوا میں امن و امان نہیں ہے، مردم شماری کے بعد قبائلی اضلاع میں حلقہ بندیوں کا مسئلہ ہے۔